فیصل آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل ۱ٓباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹرخالداقبال نے کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی کاشت 15جنوری سے شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ بہاریہ مکئی کی کاشت جو جنوری کے دوسرے پندھرواڑے کے آغاز پر شروع ہوتی ہے کیلئے ایسی بھاری میرا زمین کا انتخاب ضروری ہے جو پانی کو بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو نیز ایسی زمین جس میں برسیم یا آلو کاشت کئے گئے ہوں وہاں مکئی کی فصل بہتر نشو ونما پاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کہ کلراٹھی، ریتلی اور سیم زدہ زمین کے علاوہ ایسی زمین جس کی پی ایچ 8سے زائد ہومکئی کی کاشت کیلئے موزوں نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جس زمین میں مکئی کاشت کرنی ہو اس کے اردگرد درخت نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ درختوں کے سائے میں مکئی کی فصل کامیابی کے ساتھ نہیں اگائی جاسکتی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری بھی اچھی طرح کرلینی چاہیے کیونکہ اگر مکئی آلو والے کھیتوں میں کاشت کرنی ہو تو 2یا3 ہل چلا کر سہاگہ دینے سے زمین نرم اور بھربھری ہوجائیگی تاہم اگر کپاس کماد یا سورج مکھی والے وڈھ میں کاشت کرنا ہو تو وڈھ وغیرہ میں روٹا ویٹر چلاکر وڈھ کو اچھی طرح تلف کرنے کے بعد تین مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دینا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات، مشاورت، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت، محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔