تمام بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں آن لائن کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے، مبین جمانی

152
Mubin Jumani
Mubin Jumani

سکھر۔ 17 جنوری (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ تمام بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں كو ایک دو ماہ کے اندر آن لائن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، اس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نےخیرپور ضلع كونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بدھ کو صوبائی وزیر مبین جمانی کی زیر صدارت خیرپور ڈسٹرکٹ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ چیف آفیسر یوسف شیخ، ریجنل ڈائریکٹر خلیل احمد میمن و دیگر موجود تھے ۔اجلاس میں خیرپور سٹی، فقیر آباد، کوٹ ڈیجی، کھمب، پریالو، گمبٹ سمیت دیگر کے چیئرمین و میونسپل کمیشنرز بھی موجود تھے ۔

نگران صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ خیرپور میں تمام یوسی، ٹائون اور میونسپل کمیٹیوں کو ملنے والے او زی ٹی شئیرز، دیگر آمدنی، کئے گئے ترقیاتی کاموں اور تنخواہوں کا 19 اگست سے 15 جنوری تک کا مکمل رکارڈ دینے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام یوسی، ٹائون اور میونسپل کمیٹی اپنے اپنے ملازمین کی مکمل تفصیلات 48 گھنٹوں میں فراہم کریں۔ نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے خیرپور ڈسٹرکٹ میں صفائی ستھرائی، سیوریج کے نظام کی بہتری اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

انهوں نے کہا کہ تمام یوسی اور ٹائون کے سی ایم اوز اپنی یوسی اور ٹائونز کی کارکردگی، کئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور اگر انہیں کسی قسم لے مسائل ہیں تو یہ تحریری طور پر ریجنل ڈائریکٹر کو ایک ہفتہ کے اندر اندر جمع کروادیں۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ آئندہ 1 سے دو ماہ کے اندر اندر تمام ملازمین کی تنخواہوں کو آن لائن کردیا جائے اور اس سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے۔