اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر انتظام ملک میں انجینئرنگ شعبہ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے 23جنوری کو پاک چین دوستی مرکز اسلام آباد میں دوسری وفاقی (فائنل ائیر ڈیزائن پراجیکٹس نمائش) اور چوتھی علاقائی کیپسٹون ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس ایکسپومیں 252 شارٹ لسٹ کردہ پراجیکٹس کے ساتھ 27 یونیورسٹیاں شرکت کر رہی ہیں۔ 252 پراجیکٹس میں سے 72 پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون کردہ ہیں۔ ایکسپو میں انجینئرنگ یونیورسٹیاں انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ اپنے طلباء کے ایسے پراجیکٹس کی نمائش کریں گی جو مارکیٹ اور صنعت کو مطلوب ہیں۔ ایکسپو میں صنعت سے وابستہ افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو اپنی ضروریات کے مطابق طلباء کے تیار کردہ پراجیکٹس کا انتخاب کر سکتے ہیں ۔
کیپسٹون پی ای سی کا آغاز کردہ اقدام ہے جو پی ای سی پاکستان ڈویلپمنٹ کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے۔ پراجیکٹس کے انتخاب کے معیارکے تحت کمرشل اعتبار سے سود مند اور پائیدار پراجیکٹس جیسا کہ بڑے کاروباری، صنعت سے وابستہ، مثبت سماجی اثرات کے حامل، جدت پر مبنی تمام پراجیکٹس اس ایکسپو میں شامل کیے گئے ہیں۔
پی ای سی کی جانب سے اس ایکسپو کے انعقاد کا مقصد انجینئرنگ کے شعبہ سے وابستہ طلباء کو دنیا بھر کے مینو فیکچررز سے ملوانا ہے تا کہ وہ انجینئرنگ مصنوعات اور مارکیٹ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں ۔ اس ایکسپو کی بدولت انجینئرنگ کے طلبا صنعت اور مارکیٹ کی ضروریات سے آگاہ ہوں گے اور صنعتی مسائل کے حل تلاش کریں گے۔
فائنل ائیر ڈیزائن پراجیکٹس کی ملکی موجودہ ضروریات کے مطابق صنعتی اور سرکاری پلیٹ فارمز پر میڈیا میں تشہیر کی جائے گی اور نوجوان انجینئرز کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ پی ای سی کی جانب سے ایسے پراجیکٹس کی معاونت کی جا رہی ہے جو اس وقت مارکیٹ میں زیادہ مانگ رکھتے ہیں۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل ایک قومی اعلیٰ سطحی ریگولیٹری باڈی ہے جس کا قیام پارلیمنٹ ایکٹ (پی ای سی ایکٹ 1976) کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں انجینئرنگ کے شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ کونسل اپنے ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت کیلئے بطور تھنک ٹینک کردار ادا کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے تاکہ ملک میں سماجی و معاشی ترقی کیلئے درکار پالیسیوں کی تشکیل اور انجینئرنگ کے شعبے سے متعلق تمام معاملات میں معاونت فراہم کر سکے۔
ایکسپو میں شرکت کرنے والی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں عباسین یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کامسیٹس یونیورسٹی، ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کہوٹہ، فکیلٹی آف انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی، گرافٹن کالج نمل یونیورسٹی، ہمدرد انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،
ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا، انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، مسلم یوتھ یونیورسٹی،نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ انجینئرنگ سائنسز، نسٹ، نیو ٹیک، پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی، یو ای ٹی ٹیکسلا، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد، یونیورسٹی آف واہ واہ کینٹ اور پیاس (PIEAS) اسلام آباد شامل ہیں۔