لاہور۔21جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ میڈ ان پاکستان مصنوعات کو فروغ دے کر قومی معیشت کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
اتوار کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی اشیاء کی حوصلہ افزائی کرکے پاکستان درآمدات پر انحصار کو کم اور تجارت میں توازن کو بہتر کر سکتا ہے جس سے قومی کرنسی مضبوط اور معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے معیشت کے مختلف شعبوں، خاص طور پر مینوفیکچرنگ صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات کے معیار میں جدت اور تنوع لا کر ملک کی عالمی مسابقت میں اضافہ اور غیر ملکی خریداروں و سرمایہ کاروں کو راغب کرسکتا ہے، اس سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ مصنوعات کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تحقیق و ترقی سے ملک خود کو جدت طرازی کے مرکز کے طور پر کھڑا کر سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور ریگولیٹری و مارکیٹنگ کی رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا تاکہ میڈ ان پاکستان مصنوعات کی کامیاب پروموشن کو یقینی بنایا جاسکے۔