آئی سی سی آئی کے وفد کا ہنگری کے سفارتخانے کا دورہ،باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

74
Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے ہنگری کے سفارتخانے کا دورہ کیا اورسفیر بیلا فازیکاس کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے آئی سی سی آئی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے جن کے دونوں ممالک مفید نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے قومی اور علاقائی چیمبر زآف کامرس کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروباری تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست ملاقاتیں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارتخانہ باہمی کاروباری روابط بڑھانے کےلئے ہرممکن تعاون کرے گا تاکہ دوطرفہ کاروباری اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تقریباً 8کروڑ ڈالر کی دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا اس کو بہتر کرنے کےلئے تمام ممکنہ طریقے بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری اپنے ایس ایم ایز کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دیں جس سے کاروباری تعلقات کو ان کی حقیقی صلاحیت کے مطابق بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایس ایم ایز کے درمیان زوم میٹنگز کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دو طرفہ تجارتی تعلقات بہترکرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنگری کو بہت سی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جن میں فارماسوٹیکلز، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، آئی ٹی اور کٹلری کی مصنوعات شامل ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگری پاکستان سے اپنی درآمدات بڑھانے پر توجہ دے جو اعلیٰ معیار اور مناسب قیمت پر دستیاب ہیں۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے لہذا دونوں ممالک اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا ئیں۔ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان نے ہنگری پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کو بحال کرنے پر زور دیا تاکہ عوامی اور کاروباری تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے نئے شعبے تلاش کئے جاسکیں۔ہنگری کے کمرشل قونصلر ڈاکٹر استوان گرافجودی، راجہ محمد امتیاز، شمائلہ صدیقی،ملک ندیم اختر ، طارق جدون اور یوسف راجپوت وفد میں شامل تھے۔