اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے تھنک ٹینک نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) اور کوہسار یونیورسٹی مری (کے یو ایم) کے مابین آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ چیف کوآرڈینیٹر این آئی ڈی ایم تنویر پراچہ اور وائس چانسلر کے یو ایم پروفیسر ڈاکٹر حبیب علی بخاری نے معاہدے کے کاغذات پر دستخط کئے۔
معاہدے کی تقریب جمعرات کو این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس معاہدے کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور متعلقہ شعبوں کے حوالے سے اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ لائحہ عمل اور طریقہ کار کو جدید بنانے کے لیے تحقیق اور تجربات کے تبادلے کے لیے دونوں اداروں کے مابین معاونت کو فروغ ملے گا۔
یہ معاہدہ این آئی ڈی ایم اور کے یو ایم کے درمیان آفات کے خطرات میں کمی اور آفات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو موثر اور فعال بنانے اور مستحکم مستقبل کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا۔ معاہدے پر دستخط کے بعد یونیورسٹی کی ٹیم نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔