پشاور، خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام واک

118
Kashmir Solidarity Day

پشاور۔ 05 فروری (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نگرا ن صوبائی وزیر برائے سیاحت و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ اور ڈی جی ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے بھی شرکت کی۔

کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نشترہال پشاور میں واک کی گئی جبکہ کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم تصاویری نمائش کے ذریعے پیش کئے گئے۔ واک میں شرکا نے بینر اور کشمیری جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر نگرا ن صوبائی وزیر برائے سیاحت و تعلقات عامہ نے کہا کہ کشمیریوں کو عالمی برادری ان کے حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے،عالمی برادری اپنی قراردادوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنائے۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ مکمل کھڑی ہے۔ شرکا نے واک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 76سالوں سے کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خوف اور دہشتگردی میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔