بی پی ایل، رنگپور رائیڈرز نے داردانتو ڈھاکہ کو 60 رنز سے شکست دیدی،شکیب الحسن کی آل رائونڈ پرفارمنس

میرپور۔6فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز نے داردانتو ڈھاکہ کو 60 رنز سے شکست دے دی، رنگپور کے 176 رنز کے جواب میں ڈھاکہ کی ٹیم 18 اوورز میں 115 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل کے 21ویں میچ میں …

میرپور۔6فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز نے داردانتو ڈھاکہ کو 60 رنز سے شکست دے دی، رنگپور کے 176 رنز کے جواب میں ڈھاکہ کی ٹیم 18 اوورز میں 115 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل کے 21ویں میچ میں رنگپور رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے ، پاکستانی سٹار کرکٹر بابراعظم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 47 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر رونی تعلقدار 39 اور شکیب الحسن 34 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، محمد نبی 16 بالوں پر 29 اور کپتان نور الحسن 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

ڈھاکہ کے مصدق حسین نے 2، عرفات سنی اور صابر حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ رنگپور رائیڈرز کے 176رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈھاکہ کی ٹیم 18 اوورز میں 115 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، اوپنر محمد نائم نے 31 بالوں پر 44 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، عرفان سکر 21، تسکین احمد 15 اور بلبدین نائب 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈھاکہ کے 7 بیٹرز ڈبل فگر بھی کراس نہ کرسکے۔

رنگپور رائیڈرز کے آل رائونڈر شکیب الحسن نے بیٹنگ کے بعد بائولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، دیگر بائولرز میں مہدی حسن، سلمان ارشاد اور حسن محمود نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس فتح کے بعد رنگپور رائیڈرز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم بنا لیا ہے جبکہ داردانتو ڈھاکہ کی ٹیم فہرست میں آخری نمبر پر چلی گئی ہے۔