الیکشن کمیشن انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنائے گا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ سے برطرفی کے بعد پاکستان اور مغرب کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، مرتضیٰ سولنگی

171
الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ثابت کیا کہ وہ دیگر چینلز کیلئے رول ماڈل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد اور تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائے گا، انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ہوں گے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ سے برطرفی کے بعد پاکستان اور مغرب کے تعلقات میں بہتری آئی۔

بدھ کو جرمن نشریاتی ادارے ”ڈی ڈبلیو“ کو اپنے انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مالی، انتظامی سہولت اور سکیورٹی کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے کچھ ساتھیوں کی گرفتاری نگران حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے بہت پہلے ہوئی، یہ گرفتاریاں اور سزائیں ان کی پارٹی کی جانب سے ریاستی اداروں، دفاعی تنصیبات اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور پرتشدد حملوں کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ لیتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک چاہے وہ امریکہ ہو یا یورپی جمہوریت، ریاستی اداروں کے خلاف پرتشدد حملوں کی اجازت نہیں دے گا۔ مغرب سے تعلقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے آئینی تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے مغرب مخالف اور امریکہ مخالف بیانات دیئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی حکومت بچانے کے لئے خفیہ دستاویز استعمال کرنے کی کوشش کی جس سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی برطرفی کے بعد پچھلی حکومت اور نگران حکومت نے مغرب کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی اور یہ تعلقات بڑے پیمانے پر معمول پر آ چکے ہیں۔ ملکی معاشی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ سال 17 اگست کو نگران حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے پاکستان کی معیشت پہلے سے بہتر ہوئی ہے، تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کامیابی سے مکمل کیا ہے، نگران حکومت نے اس کے علاوہ بھی متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، نگران حکومت نے پچھلی حکومت کے شروع کردہ بیرونی سرمایہ کاری اور معاشی اقدامات کو جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 8 فروری کے بعد جب نئی پارلیمان اور نئی حکومت کا انتخاب ہوگا، ہماری معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ پچھلے چند سالوں کے مقابلے میں پاکستان کا معاشی مستقبل زیادہ بہتر ہوگا۔