تائیکوانڈو جسمانی و دماغی صحت کا کھیل ہے، نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر

68
Maqbool Baqir
Maqbool Baqir

کراچی۔ 13 فروری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ تائیکوانڈو کوریا کا روایتی مارشل آرٹ ہے جو جسمانی لڑائی کی مہارت سکھاتا ہےاور یہ پاکستان میں کئی دہائیوں سے سکھایا جا رہا ہے،اس عالمی شہرت یافتہ کھیل تائیکوانڈو کو اب اولمپکس میں ایک سرکاری کھیل سمجھا جاتا ہے، یہ تربیت ہمیں سکھاتی ہے کہ اپنی روح کو تربیت دے کر اپنے جسم اور دماغ کو کیسے بہتر بنایا جائے اور آج یہ ہماری فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر پہچانا جاتا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو محمد صدیق اسکاؤٹس اسپورٹس ابوالحسن اصفہانی روڈ میں یونیورسل ٹائیگرز تائیکوانڈو کے زیر اہتمام سندھ اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ باذل صدیقی تائیکوانڈو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام میں سیکرٹری ڈی ای پی ڈی طحہٰ فاروقی نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر فہیم صدیقی اور طلباء کے والدین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

چیمپئن شپ میں معذور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا اور مختلف مقابلے جیتے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تائیکوانڈو میں جسمانی قوت، دماغ کی تربیت اور زندگی کے اصول سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔تائیکوانڈو کے بنیادی اصولوں کو اپناکر ہم اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معروف صحافی فہیم صدیقی کے بیٹے 6 سالہ باذل صدیقی 2009 میں محرم کے جلوس میں بم دھماکے کے دوران شہید ہوئے،انہوں نے شہداء کیلئے دعا کی اور کہا کہ باذل صدیقی شہید تائیکوانڈو کے کھلاڑی تھے اس لیے انکے والد اپنے بیٹے کی یاد میں تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔ پروگرام کے بعد وزیراعلیٰ نے جیتنے والے بچوں میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے۔