ادارہ ملکیت دانش کے سربراہ کا ایئر یونیورسٹی کا دورہ ، حقوق ملکیت دانش کی اہمیت پر روشنی ڈالی

126

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ادارہ ملکیت دانش ( آئی پی او) پاکستان کے سربراہ و سابق سفیر فرخ عامل نے ایئر یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں حقوق ملکیت دانش (آئی پی آر) کے موضوع پر ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد طلبا کو آئی پی آر کے مختلف پہلوئوں بشمول جدت طرازی ، کاروبار ، ٹریڈ مارک ، کاپی رائٹس ، پیٹنٹ ، اور تکنیکی جدت طرازی کے بارے میں آگاہی دینا تھا ۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران کاروبارکے فروغ ، روزگار اور بااختیاری کے لئے حقوق ملکیت دانش کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا۔

آئی پی او پاکستان اور ایئر یونیورسٹی کے درمیان اشتراک کا مقصد طلبہ برادری کو حقوق ملکیت دانش کے دائرہ کار کو سمجھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کے لئے معلومات اور ٹولزکے ساتھ بااختیار بنانا ہے، جس سے پاکستان کے جدت طرازی کے منظر نامے میں حصہ ڈالا جاسکتا ہے۔

انٹرایکٹو سیشن کے دوران طلبا نے قیمتی معلومات اور حقوق ملکیت دانش کے بارے میں سوالات پوچھے ، جس سے اس اہم شعبے سے متعلق معلومات کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔ انٹرایکٹو سیشن کے علاوہ آئی پی او کے وفد نے ٹیکنالوجی انوویشن سپورٹ سینٹر(ٹی آئی ایس سی)اور ایئر یونیورسٹی میں تحقیق، جدت طرازی اور کمرشلائزیشن (او آر آئی سی)کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔

اس دورے نے ممکنہ طور پر تحقیق، جدت طرازی اور کمرشلائزیشن میں یونیورسٹی کی کوششوں کے بارے میں بصیرت فراہم کی، جس سے آئی پی او پاکستان اور ایئر یونیورسٹی کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔