علی امین گنڈاپور خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ منتخب

164

پشاور۔ 01 مارچ (اے پی پی):سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا کے 19ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ۔ انہوں نے 90 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوارعباد اللہ کو 16 ووٹ ملے۔جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی کااجلاس نومنتخب سپیکر بابرسلیم سواتی کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔تلاوت کلام پاک کے بعد سپیکر نے صوبے کے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے طریقہ کار کااعلان کیا اور پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد ہال کے دروازے بندکردئیے گئے۔

اس موقع پرسپیکرنے ایوان کوبتایاکہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلئے چارایم پی ایز علی امین گنڈاپور،ہشام انعام اللہ ، زرک خان اور عباد اللہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جوکہ درست قرارپائے تاہم دو امیدواروں زرک خان اور ہشام انعام اللہ نے بعدازاں اپنے کاغذات واپس لے لئے۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ کےلئے باقاعدہ انتخابی عمل کاآغاز ہوا۔ووٹنگ کےلئے دولابیاں مختص کی گئی تھیں۔اسمبلی سٹاف کی جانب سے دونوں لابیز میں اراکین کی گنتی کے بعد سپیکرنے نتائج کااعلان کیا ۔