لاہور۔2مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صحت اور تعلیم کے شعبوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہیں،صاف ستھرا پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے ، اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے باقاعدہ محکمہ بنایا جا رہا ہے ،مستحق افراد کو رمضان پیکج ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مریم نواز بطور وزیر اعلی ٹریننگ نہیں کر رہیں بلکہ وہ انتظامی امور چلانے سے بخوبی واقف ہیں ،ابھی انہیں اقتدار سنبھالے ایک ہفتہ ہو ا ہے اور انہوں نے پنجاب کے ہر شعبے چاہے تعلیم ،صحت اور جتنے بھی دیگر محکمے صوبے میں ہیں، ان میں انقلابی اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے مہم شروع کر دی گئی ہے ،
صاف ستھرا پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے ، اس حوالے سے فوکل پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز صحیح معنوں میں پنجاب میں تبدیلی لانے کیلئے کوشاں ہیں،انہوں نے حکم دیا ہے کہ پنجاب کے اندر جتنے شہر اوردیہات موجود ہیں وہاں پر صفائی کا عملہ کوڑا اٹھانے میں غفلت کا مظاہرہ ہر گز نہ کرے اور ایک مہینے کے اندر اندر صوبہ بھر میں صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈور پھرنے ،گھریلوملازموں پر تشدد یا خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات پر مریم نواز کی پالیسی زیرو ٹالرنس ہے ،اچھرہ، قصور میں ڈور پھرنے اور سرگودھا میں گھریلو ملازمہ کے قتل کے واقعہ کا نہ صرف وزیر اعلی نے نوٹس لیا ہے بلکہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار بھی کر لیا گیا ۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے صوبے میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ان کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے ایک اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے ، تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو کھانے پینے اشیاء کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار رمضان پیکج مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے ،صوبے کے 64 لاکھ خاندانوں میں رمضان پیکج کے پیکٹس ان کے گھروں میں پہنچائیں جائیں گے، اس حوالے سے کسی کو قطار میں نہیں لگنا پڑے گا،
وزیر اعلی مریم نواز نے اس کو” نگہبان پیکج رمضان ”کا نام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں سستے ماڈل رمضان بازار بھی لگا ئے جائیں گے ، یہ سستے بازار ”نگہبان پیکج رمضان” کے علاوہ ہوں گے،جولوگ کہہ رہے ہیں کہ رواں سال رمضان بازار حکومت نہیں لگائے گی ،ان کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک ایپ” نیور اگین”کے نام سے بنانے کی منظوری دی ہے
جس کا باقاعدہ افتتاح مریم نواز8 مارچ کو ”یوم نسواں” کے موقع پر کریں گی اور اس ایپ کے ذریعے ہراسمنٹ کے تمام کیسز کو مانٹیر کیا جائے گا ، ہر پولیس اسٹیشن پر ڈیسک بنائے جائیں گے اور ان تمام معاملات کی مریم نواز خود نگرانی کریں گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے سولر پینل دیئے جائیںگے تاکہ شہریوں کے بجلی بلوں میں کمی ہوسکے، اس حوالے سے کام ہو رہا ہے اور وزیر اعلی نے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے متعلقہ محکمے کو ہدایات بھی دیدی ہیں۔