مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ حاصل کر کے 14 ویں صدر مملکت منتخب ہو گئے

106

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ حاصل کر کے 14 ویں صدر مملکت منتخب ہو گئے،ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کئے۔ ہفتہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی طور پر پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 5 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ قومی اسمبلی ہال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کیلئے قائم پولنگ سٹیشن سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 255 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 119 ووٹ حاصل کئے۔ایک ووٹ مسترد ہوا۔

صدارتی انتخاب کیلئے قومی اسمبلی ہال کو بطور پولنگ سٹیشن استعمال کیا گیا جس میں سینیٹ آف پاکستان اور قومی اسمبلی کے اراکین نے اپنا حق ر ائے دہی استعمال کیا۔ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ، تحریک استحکام پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر حکمران جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قوی اسمبلی وسینٹ سے 255 ووٹ حاصل کئے ایک ووٹ مسترد ہوا۔ پنجاب اسمبلی سے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 246 ووٹ حاصل کئے

جبکہ محمود خان اچکزئی کو 100 ووٹ ملے 6 ووٹ مسترد ہوئے۔ سندھ اسمبلی سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری کو 151 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 9 ووٹ حاصل کئے۔ایک ووٹ مسترد ہوا۔اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی سے اپوزیشن کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 119 جبکہ حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 17 ووٹ حاصل کئے۔ایک ووٹ مسترد ہوا۔بلوچستان اسمبلی سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 47 جبکہ ان کے مدمقابل محمود خان اچکزئی کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔ اس طرح حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری مجموعی طور پر 411 ووٹ حاصل کر کے صدر پاکستان منتخب ہو گئے۔