طبی سامان میں قینچی، اسرائیل نے امدادی ٹرک کو غزہ میں داخل ہونے سے روک دیا

134
UNRWA
UNRWA

اقوام متحدہ ۔13مارچ (اے پی پی):فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نےنے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام نےطبی سامان میں قینچی موجود ہونے پر امدادی ٹرک کو غزہ میں داخل ہونے سے روک دی۔ اردو نیوز کے مطابق یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے غزہ کے لئے انسانی بنیادوں پر سامان سے لدے ایک ٹرک کو واپس بھیج دیاکیونکہ طبی کٹس کے اندر قینچی موجود تھی۔

انہوں نے اسرائیل پر ضروری طبی سامان روکنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے بےہوشی کی ادویات اور پانی صاف کرنے والی گولیوں جیسی اشیا پر اس لیے پابندی لگائی کہ ان کادوہرا استعمال ممکن ہے ۔امدادی تنظیموں نے اسرائیلی حکام کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران کھجوروں کی (ترسیل کی) اجازت دینے سے انکار پر اسی طرح خدشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کی کلیئرنس اور بنیادی اشیا کی ترسیل کو آسان اور تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ 20 لاکھ افراد کی زندگی اس پر منحصر ہے ،اسے ضائع کرنے کا وقت نہیں ہے۔اسرائیلی حکام نے اس واقعے کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پرکہا کہ جھوٹ بولنا مایوسی کی علامت ہے۔