کارباری سرگرمیوں اور تجارت کیلئے پاکستان سینٹرل ایشیا کی بڑی منڈی ثابت ہو سکتا ہے ،وفاقی وزیر مواصلات ، سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان کی تاجک کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں میں گفتگو

143
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

دوشنبے۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات ، سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کارباری سرگرمیوں اور تجارت کیلئے پاکستان سینٹرل ایشیا کی بڑی منڈی ثابت ہو سکتا ہے، وسط ایشیاکے بزنس مینوں کے لئے پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

وزارت مواصلات کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوشنبے میں تاجکستان کی اہم کارباری شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل، فارما سوٹیکل، کنسٹرکشن، آئی ٹی، بینکوں اور ائیر لائنز سے وابستہ 10 بڑے بزنس گروپس نے شرکت کی۔ سرمایہ کاروں نے پاک- تاجکستان بارڈر کے نزدیک امپورٹ/ایکسپورٹ کیلئے گڈز ٹرمینل کی تعمیرات میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان سے بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن تعاون و سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کارباری سرگرمیوں اور تجارت کیلئے پاکستان سینٹرل ایشیا کی بڑی منڈی ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل ایشیا کے بزنس مینوں کے لئے پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ مستقبل قریب میں پاکستان کا پرائیویٹ سیکٹر دیگر ملکوں سے تجارت کیلئے آگے آئے گا۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اکنامک فری زون اور دیگر مراعات دیں گے۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ امید ہے تاجکستان اور پاکستان کے مابین دو طرفہ کارباری حجم میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان کا دورہ انتہائی مفید رہا، وفودکا تبادلہ عمل میں لائیں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات و سرمایہ کاری نے بہترین میزبانی پر تاجک کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجکستان میں مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے، آپ کی پاکستان میں میزبانی کرینگے۔ تاجکستان کے کارباری گروپس نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کی پیشکش پر آمادگی اور مسرت کا اظہار کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جلد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔