جنرل ہسپتال گائنا کالوجسٹ ڈاکٹرز کی اہم کامیابی، 25کلو وزنی رسولی نکال کر خاتون کی جان بچا لی

170

لاہور۔1جون (اے پی پی):جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے میڈیکل کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 48سالہ سمیرا امجد کا انتہائی پیچیدہ آپریشن کر کے یوٹرس سے25کلو وزنی رسولی نکال کر خاتون کی جان بچا لی۔ ترجمان کے مطابق ہسپتال کی گائنا کالوجسٹ یونٹ تھری کی ٹیم میں ڈاکٹر شبنم محمد علی، ڈاکٹر مریم ذو الفقار،ڈاکٹر نادیہ سبین،ڈاکٹرعروسہ،ڈاکٹر ساجدہ اور ڈاکٹر عثمان شامل تھے جنہوں نے 5گھنٹے طویل آپریشن کر کے رسولی نکالی۔

سمیر اامجد طویل عرصہ سے پیٹ بڑھنے،درد اور مختلف نسوانی امراض کی تکلیف میں مبتلا تھیں ، کافی عرصے سے مختلف ہسپتالوں کے چکر لگاتی رہیں لیکن ان کا مرض بڑھتا گیا، مذکورہ خاتون علاج کے لئے آخر کا ر ایل جی ایچ کے گائنی آئوٹ ڈور میں آئی جہاں گائنا کالوجسٹ کی ماہر ٹیم ڈاکٹر لیلی شفیق و دیگر نے مریضہ کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹ کروائے تو معلوم ہواکہ یوٹرس میں بہت بڑی رسولی موجود ہے جس پر مریضہ کو داخل کر لیا اور آپریشن کا فیصلہ کیا۔

ترجمان کے مطابق اس کامیاب آپریشن پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے گائنی ڈاکٹروں کومبارکباد دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ انہیں اس امر کی خوشی ہے کہ مذکورہ خاتون عرصہ دراز سے جس اذیت میں مبتلا تھی اسے ایل جی ایچ گائنا کالوجسٹس کی ٹیم نجات دلانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مریضہ کے کامیاب آپریشن پر خاتون کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایل جی ایچ کے ڈاکٹروں کو ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ وہ اللہ تعالی کے بعد ایل جی ایچ کے ہیلتھ پروفیشنلز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی مریضہ کا کامیاب آپریشن کر کے اسے اذیت سے نجات دلائی اور اس کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت طبی سہولیات مریضوں کو فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں اور ہسپتال آنے والا ہر مریض ڈاکٹروں کے لئے وی آئی پی کا درجہ رکھتا ہے۔