سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کےموجودہ سیشن کے حوالہ سے مشاورتی اجلاس

62
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کےموجودہ سیشن کے حوالے سے مشاورتی اجلاس جمعرات کو ہوا ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کے وہپس اور پارلیمانی لیڈرز نے شرکت کی ۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے متوقع شیڈول، ایجنڈے اور دورانیےکے حوالے سے غور کیا گیا ۔

اجلاس میں صدر کے خطاب پر پیش کردہ شکریے کی تحریک پر بحث 6 اور 7 جون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔ متوقع شیڈول کی مطابق مالی سال 25۔2024 کا بجٹ 12 جون 2024 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔بجٹ اجلاس میں 13 سے 19 جون تک وقفہ کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جون کو وقفے کے بعد دو بارہ شروع ہو گا۔بجٹ پر عمومی بحث کے لیے 20 سے 24 جون تک کی تاریخ مختص کی گئی۔ کٹوتی کی تحاریک پر بحث 26 اور 27 جون کو ہو گی ۔ بجٹ کےمتوقع شیڈول کے مطابق فنانس بل پر بحث اور منظوری کے حوالے سے 28 جون کی تاریخ مختص کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 29 جون تک جاری رہے گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بجٹ کے حوالے سے تجویز کردہ شیڈول حتمی نہیں ہے اور اس میں حالات کے مطابق ردوبدل بھی کیا جاسکتا ہے ۔ اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹیوں اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ارکان قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری،سید نوید قمر، اعجاز حسین جاکھرانی ، ملک عامر ڈوگر، سید امین الحق، نور عالم خان، علی محمد خان ، خالد حسین مگسی، شاہدہ اختر علی اور سید حفیظ الدین نے شرکت کی۔