مکہ مکرمہ۔14جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران نسک کارڈ متعارف کرانے کے اقدام سے عازمین کی معاونت اور ان کے لئے انتظامات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، اس کارڈ نے مقامات مقدسہ کی طرف عازمین کے سفر کو باسہولت بنانے اور ان کے کھو جانے کے مسائل کو موثر انداز میں حل کر دیا …
نسک کارڈ عازمین کے لئے انتظامات میں نمایاں پیش رفت ہے،سعودی حکام
مکہ مکرمہ۔14جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران نسک کارڈ متعارف کرانے کے اقدام سے عازمین کی معاونت اور ان کے لئے انتظامات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، اس کارڈ نے مقامات مقدسہ کی طرف عازمین کے سفر کو باسہولت بنانے اور ان کے کھو جانے کے مسائل کو موثر انداز میں حل کر دیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے مختلف زبانوں میں تیار کی گئی متعدد تعارفی وڈیوز کے ذریعے اس بات کو اجاگر کیا کہ نسک کارڈ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مصدقہ عازمین کو نہ تو کہیں کھو جانے کا ڈر ہو گا اور نہ ہی اس بات کا کہ وہ اپنی رہائش کا راستہ بھول جائیں گے، اس کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ سے پاس موجو د کوئی بھی شخص اعتمادکے ساتھ کارڈ کے حامل کی رہنمائی کر سکتا ہے۔
سعود ی وزارت نے اس بات پربھی زور دیا کہ نسک کارڈ مقامات مقدسہ میں عازمین کی تصدیق کا واحد مسلمہ طریقہ ہے، یہ حکام کو جدید سکیورٹی عوامل اور ضروری معلومات کی نشاندہی کرتے ہوئے عازمین کو فوری اور موثر معاونت بشمول حج کی تکمیل کا سرٹیفیکیٹ فراہم کرنے کے قابل بناتا ہے۔
کارڈ کا بنیادی مقصدعازمین کے لئے مناسک حج کے اعلیٰ ترین معیار کی دیکھ بھال اور توجہ کے ساتھ امن و سکون سے ادائیگی اور مشاعر و مقامات مقدسہ کی طرف عازمین کے سفر میں سہولت فراہم کرنا ہے۔نسک کارڈ مناسک حج کے کسی سے خامی سے پاک انتظامات میں معاونت کرتا ہے اور اس کو نسک اور توکلنا ایپس سے بھی منسلک کیا گیا ہے،
صرف حج پرمٹ اور حج ویزہ رکھنے والے عازمین ہی نسک کارڈ حاصل کر سکتےہیں اور جن کے پاس نسک کارڈ نہیں ہے انہیں مقامات مقدسہ میں داخل ہونے یا وہا ں گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ۔ وزارت نے عازمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کارڈ کھو جانے کی صورت میں متبادل کارڈ کی درخواست کی جا سکتی ہے، عازمین مناسک حج کی ادائیگی جاری رکھتے ہوئے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں رہائش ، صحت اور نقل و حمل کی خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نسک کارڈ کا کھو جانا کوئی بڑی پریشانی کی بات نہیں، متعلقہ فرد ایک سادہ طریقے سے کارڈ حاصل کر سکتا ہے جس کا آغاز نسک ایپلیکیشن پر کارڈ کی ڈیجیٹل کاپی کو انتظامی حکا م کو پیش کرنے اور گروپ لیڈر کو نئے کارڈ کے اجرا بارے بتانے سے ہوتا ہے،
یہ کارڈ حج کے پورے سفر کے دوران پاس رکھا جانا چاہیے۔ جمعہ کو مناسک حج کے آغاز اور حضرت محمد ﷺ کی سنت کی پیروی میں یوم الترویہ کو منیٰ میں عازمین کی آمد کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لئےگئے تھے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ صرف نسک کارڈ کے حامل مصدقہ عازمین ہی مقامات مقدسہ میں داخل ہوں، ان مقامات کے آس پاس سکیورٹی پوائٹس قائم کئے گئے ہیں۔









