ماسکو۔21جون (اے پی پی):روس کے دارالحکومت ماسکو میں شدید طوفانی ہواؤں نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجہ میں2افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ تاس کے مطاق 25 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سےچلنے والی ہوائوں اور بارش کے نتیجے میں ماسکو میں 700 سے زیادہ درخت گر گئے جس کے نتیجہ میں تقریباً 300 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ماسکو سٹی سروسز سینٹر نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ڈپٹی میئر پیوتر بیریوکوف کے حوالے سے بتایا کہ تباہی سے نمٹنے کے لئے کافی تعداد میں کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ان کارروائیوں کے دوران شہر میں گرے ہوئے درختوں کو کاٹ کر ہٹایا جا رہا ہے اور متاثرہ تعمیرات کو گرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں شہر کا بنیادی ڈھانچہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ماسکو کے ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی پریس سروس نے بتایا کہ شدید طوفانی ہوائیں چلنے سے زخمی ہونے والے 4 بچوں سمیت کم از کم 18 افراد کو ماسکو کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہےجن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔