ڈولفن سکواڈ نے نواں کوٹ سے لاکھوں روپے مالیت چرس کی سپلائی ناکام بنا دی

178
Dolphin Squad
Dolphin Squad

لاہور۔24جون (اے پی پی):ڈولفن سکواڈ نے نوانکوٹ سے چرس سپلائی کرنے والے2 ملزمان کوگرفتارکرکے ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی2700گرام چرس برآمدکرلی ،ایس ایس پی ڈولفن رانا عمر فاروق نے بتایا کہ ڈولفن ٹیم 2 مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیاجس پر ملزمان نے موٹر سائیکل بھگا دی،ڈولفن ٹیم نے تعاقب کر کے رائونڈ اپ کر لیا، ملزمان چرس مختلف علاقوں میں سپلائی کیلئے لے جا رہے تھے ،ملزمان پیشہ ور منشیات فروش ہیں اور آن کال منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہیں ملزمان نے 1500/1200گرام کے 2پیکٹس بنائے ہوئے تھے ملزمان کی طرف سے ٹیم کو رشوت کی پیشکش بھی کی گئی لیکن ڈولفن ٹیم نے رشوت لینے سے انکار کر دیا،

ملزمان عمران اور نواز کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواں کوٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر بھر سے منشیات جیسے گھنانے اور مکروہ دھندہ کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیا تھا اور ایس ایس پی ڈولفن کی طرف سے ڈولفن اور پی آر یو ٹیموں کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا تھا، منشیات کی روک تھام کے حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی پرمامور ڈولفن، پی آر یو کی ٹیموں کو بریف کیا جاتا ہے، اس کارروائی پرایس ایس پی ڈولفن نے ٹیم کیلئے تعریفی اسناد، کیش کا اعلان کیا ہے ایس ایس پی ڈولفن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سماج دشمن عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔