ملک میں سیاسی استحکام کے لئے پیپلز پارٹی کا کردار قابل ذکر ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کاروباری مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب

157

راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لئے پیپلز پارٹی کا کردار قابل ذکر ہے، حکومت کاروبار آسان بنانے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ یہ بات انہوں نے دندہ شاہ بلاول تحصیل لاوہ ضلع چکوال میں ایک کاروباری مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے کیونکہ سرمایہ کاری کے لئے ملک میں استحکام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے لئے اقدامات کئے ہیں اور ملک میں استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لئے پیپلز پارٹی کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی سربلندی اور ملک میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لئے سیاسی تعاون اور پرامن فضا ناگزیر ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاق میں بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا کردار جرات مندانہ اور دانشمندانہ ہے اور اس وقت پارلیمان میں سب سے مضبوط طرز عمل اسی سیاسی جماعت کا ہے۔

چیئرمین اوگرا منصور خان، سی ای او شاہین گروپ آف کمپنی ملک شیر خان، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ملک ریاست سدریال، رکن آئل اوگرا زین العابدین قریشی، ڈی جی ایکسپلوسو عبدالعلی خان، سی ای او نارتھ اینڈ ویسٹ پٹرولیم ملک امانت علی راول، ممبر فنانس اوگرا محمد نعیم غوری، چیئرمین پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان اور اے ڈی سی جی چکوال بلال بن حفیظ بھی اس موقع پر موجود تھے۔