بیجنگ ۔1جولائی (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے 8ویں چین-یوریشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور سیاسی قیادت اور کاروباری شخصیات کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کےلئے 25 سے 30 جون کو چین کےخودمختار علاقے سنکیانگ ویغور کے شہر اُرومچی اور کاشغرکا دورہ کیا۔ سفیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سنکیانگ کا یہ ان کا پہلا دو طرفہ دورہ تھا۔اُرومچی میں سفیر ہاشمی نے سنکیانگ …
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کی چین-یوریشیا ایکسپو میں شرکت، سنکیانگ میں کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں

مزید خبریں
بیجنگ ۔1جولائی (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے 8ویں چین-یوریشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور سیاسی قیادت اور کاروباری شخصیات کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کےلئے 25 سے 30 جون کو چین کےخودمختار علاقے سنکیانگ ویغور کے شہر اُرومچی اور کاشغرکا دورہ کیا۔ سفیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سنکیانگ کا یہ ان کا پہلا دو طرفہ دورہ تھا۔اُرومچی میں سفیر ہاشمی نے سنکیانگ کے چیئرمین/گورنر ایرکن تونیاژ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔
دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے میں سنکیانگ کے کردار کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔ گورنر ایرکن تونیاژ کو چین کی 13 برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئےسفیر ہاشمی نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ
سنکیانگ کے کاروباری شخصیات کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے کی ترغیب دینے میں معاونت کریں ۔سنکیانگ میں قیام کے دوران مقامی حکام نے سفیر ہاشمی کو متعدد تقاریر کرنے کی دعوت دی۔سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور کے زیر اہتمام "اوپن کورپس” ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مضبوط قدرتی اور انسانی صلاحیتوں اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے بڑھتے ہوئے مواقع پر زور دیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے لیے گول میز کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ہاشمی نے خطے کے لیے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی اہمیت اور اس حوالے سے پاکستان کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔سفیر ہاشمی نے زراعت، ٹیکسٹائل اور لاجسٹکس کے موضوعات پر اُرومچی اور کاشغر میں گول میز کانفرنسوں میں خطاب کیا۔ انہوں نے 13 ترجیحی شعبوں میں مختلف کاروباری اداروں کے ساتھ انفرادی طور پر ملاقاتیں کیں۔








