اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا پاکستان کا مرکزی ترقیاتی شراکت دار ہے، معاشی تعلقات میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ یہ بات انہوں نے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلون سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین دوطرفہ تعلقات، حکومت پاکستان کے معاشی اقدامات سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
کینیڈا کی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو وزارت اطلاعات کے ساتھ ثقافت و قومی ورثہ کا اضافی قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرپا اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، کینیڈا پاکستان کا مرکزی ترقیاتی شراکت دار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی تعلقات میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے حکومت پاکستان کے معاشی اقدامات کوسراہا۔