اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مزید دو لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت اور پاکستان سٹیل ملز کراچی کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کی فراہمی کے لئے 38 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی، نان فائلرز کے لئے بینکوں کے لین دین پر 0.4 فیصد کی شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کی مدت میں 30 جون تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت تجارت کی تجویز پر بغیر سبسڈی کے دو لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، چینی کی برآمد سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے برآمدی کوٹہ کی منظوری کے بعد 60 دن کے اندر یا 31 مئی تک کرنا ہوگی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صرف ان ملوں کو برآمد کی اجازت ہو گی جو کاشتکاروں کے گزشتہ سیزن کے واجبات ادا کر چکی ہیں اور مکمل صلاحیت کے مطابق کرشنگ کر چکی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48203