سید مراد علی شاہ کا سندھ میں رضاکارانہ خون کے عطیات کو فروغ دینے کا عزم

126

کراچی۔ 07 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں رضاکارانہ خون کے عطیات کو فروغ دینے کا عزم کیا اور اس نیک مقصد کو قومی سطح پر اجاگر کرنے پر زور دیا۔ جاری اعلامیہ کےمطابق انہوں نے یہ بات پاکستان بھر میں رضاکارانہ خون کے عطیات کو فروغ دینے والی قومی تحریک "انڈس زندگی” کے اجراء کے موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ ملک کی 240 ملین سے زیادہ آبادی کے باوجود صرف 10 فیصد خون کے عطیات رضاکاروں سے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسانی سے دستیاب خون کی کمی سے ہر سال متعدد جانیں چلی جاتی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انڈس زندگی صرف ایک مہم نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے لیے اجتماعی دعوت ہے۔انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہونے کی اہمیت پر زور دیا کہ ہر ضرورت مند پاکستانی کو رضاکارانہ عطیات کے ذریعے زندگی بچانے والے خون تک رسائی حاصل ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نیشنل وڈیو کامپیٹیشن کو اس تحریک کی ایک اہم شروعات کے طور پر سراہا کیونکہ یہ تخلیقی افراد کو رضاکارانہ خون کے عطیہ کی اہمیت کو ظاہر کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے بلڈ ڈونیشن دینے والوں کو سراہا اور انہیں تبدیلی لانے والے قرار دیا۔ سید مراد علی شاہ نے اس قومی تحریک کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا عزم کیا اور ہر ایک پاکستانی اس نیک مقصد میں شامل ہو۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ملک میں بلڈ ڈونیشن کے نظام میں تبدیلی لاتے ہوئے عطیات سے رضاکارانہ عطیات میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر فرد کے پاس جان بچانے کی طاقت ہے، رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دے کر ضرورت مندوں کے لیے کسی بھی وقت اور کہیں بھی محفوظ خون دستیاب کیا جا سکتا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سب کو اس نیک مقصد میں حصہ لینا چاہئے تاکہ ہم ملکر ایک صحت مند اور مستحکم پاکستان بنا سکیں ۔ اس تقریب کی میزبانی انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے مقامی ہوٹل میں کی ، جس میں سماجی شخصیات، بلڈ سینٹر کے اہم عطیہ کنندگان اور دیگر معزز افراد نےشرکت کی۔

بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز ڈائریکٹوریٹ سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر صبا جمال نے انڈس زندگی کا تعارف کروایا۔ تقریب میں ”چینج میکرز یونائٹ: پاکستان کی رضاکارانہ خون عطیہ تحریک کی قیادت” کے عنوان سے ایک پینل مباحثہ بھی شامل تھا، جس میں سندھ اور پنجاب کے مختلف بلڈ سینٹرز اور معروف صحت اداروں کے ممتاز طبی ماہرین کو یکجا کیا گیا تاکہ ملک میں رضاکارانہ خون عطیہ کو بڑھانے کی مستقبل کی حکمت عملیوں پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔ اس کے بعد قومی ویڈیو مقابلے کے فاتحین کا اعلان اور ان کی تخلیقات کی نمائش کی گئی۔آئی ایچ ایچ این کی سی ای او پروفیسر سید ظفر زیدی نے تقریب کا اختتام کرتے ہوئے شرکاء اور مہمانوں کا ان کی پرجوش شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے فوری اور متحد کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قوم کے فائدے کے لیے فوری طور پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انڈس زندگی ہر پاکستانی کو خون عطیہ کرکے دوسروں کو ترغیب دینے اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی ثقافت کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔