اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان اوریجن کارڈ کے مسئلہ کے حل کے لئے 24 گھنٹے کے اندر ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں۔ بدھ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کو ایف آئی اے سے علیحدہ کرنے کے لئے ایک ہفتہ کے اندر ایک جامع سٹریٹجی پیپر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں امیگریشن اینڈ بارڈر مینجمنٹ خودمختار ہیں جو خصوصی انتظامات ہیں جنہیں ایف آئی اے سے علیحدہ کرنے کی ضرورت ہے جس کا بنیادی کام وائٹ کالر کرائمز کی تحقیقات ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، چیئرمین نادرا، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور وزارت داخلہ و ایف آئی اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید امیگریشن اینڈ بارڈر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹس پاکستان میں فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے داخلی اور خارجی مقامات کی موثر مانیٹرنگ کے عمل کو بہتر بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48361