23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومتازہ ترینآنے والے وقت میں موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہوگی، ہمیں اپنی نسلوں...

آنے والے وقت میں موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہوگی، ہمیں اپنی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا سی ڈی اے کے زیر اہتمام مارگلہ ہلز میں شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہوگی، ہمیں اپنی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام مارگلہ ہلز میں شجرکاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد کا شمار خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے، ہمیں فخر ہے کہ اسلام آباد ہمارا کیپیٹل ہے، دنیا کے بیشتر ممالک دوسرے ملکوں سے درخت اور گھاس درآمد کر کے اپنے ملک میں لگاتے ہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں خوبصورت دارالحکومت سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد کی پہچان ہے جس پر ہم فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت زندگی کی علامت ہیں، درخت ہیں تو ہم ہیں، ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارا زیادہ وقت اسلام آباد میں گزرتا ہے، اسلام آباد میں ہوا کا معیار باقی شہروں سے بہتر ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ماحول میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ”سیلفی ود اے ٹری“ کے نام سے شجرکاری مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں سے گذارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تجویز دی کہ وفاقی دارالحکومت میں گرین روف ٹاپ پراجیکٹ شروع کیا جائے، دنیا کے کئی ممالک گرین روف ٹاپ کی طرف جا رہے ہیں، اسلام آباد میں روف ٹاپ پر بے پناہ جگہ موجود ہے جہاں پودے اور درخت لگائے جا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گرین روف ٹاپ سے پورا اسلام آباد سرسبز نظر آئے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مارگلہ نیشنل پارک میں آتشزدگی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کی وجہ سے نقصان بھی ہوا لیکن سی ڈی اے، وزارت موسمیاتی تبدیلی، فائر بریگیڈ، محکمہ جنگلات کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے رات گئے آگ بجھانے کی کاوشیں انجام دیں، اگر کہیں کوئی تخریب کاری کا عنصر موجود تھا تو اس کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں صرف دو فیصد حصہ ہے لیکن اس کا 90 فیصد نقصان ہم بردداشت کرتے ہیں۔

ہمارے ہاں سیلاب آتے ہیں، ہوا کا معیار خراب ہوتا ہے تو اس میں ہمارا قصور نہیں، دنیا کے بیشتر ممالک میں کاربن کا اخراج زیادہ ہے جس کی وجہ سے ماحول کو زیادہ نقصان پہنچتا ہے، ان ممالک پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، انسانیت اور مستقبل کی نسلوں کی خاطر ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری میں حصہ لینا ہوگا اور اسے قومی ذمہ داری اور آنے والی نسلوں کا مسئلہ سمجھ کر سنجیدگی سے انجام دینا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں سمیت دیگر جگہوں پر شجرکاری مہم کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک کی حفاظت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، اسلام آباد کے شہری اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ’’ ٹریک یوئر ٹری‘‘ (Track your tree )کے نام سے جلد ایپلی کیشن لانچ ہوگی، اس کی ویب سائیٹ پہلے سے موجود ہے، اس ایپلی کیشن کے ذریعے شہری اپنے لگائے گئے پودے یا درخت کی نشوونما اور بڑھوتری دیکھ سکیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری بقا درختوں کے ساتھ ہے، ہمیں درخت لگانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان اسلام آباد کے ماحول کو صاف رکھنے اور یہاں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ درخت لگانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کرے تاکہ عوام میں درخت لگانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی ذہن سازی کرتا ہے اور معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتا ہے، تمام ٹی وی چینلز اپنے دفاتر میں ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز کریں اگر ان کے پاس جگہ نہیں ہے تو ان کے لئے یہاں جگہ مختص کر دی جائے گی، تمام ٹی وی چینلز یہاں آئیں اور شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس کام کو تیزی اور تندہی سے نہ کیا گیا تو خدانخواستہ ایک وقت آئے گا کہ ہمیں سانس کے لئے آکسیجن سلنڈرز اٹھانے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے دوران پوری دنیا میں لاک ڈائون لگا، بہت سے لوگ متاثر ہوئے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آب و ہوا کو صاف رکھیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ کابینہ کے تمام ارکان کو تجویز دیں گے کہ وہ ہر وزارت میں درخت لگانے کا شیڈول تیار کریں جہاں لوگوں کو درخت لگانے کی ترغیب دی جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=486304

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں