چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو کی افسران کو بجلی چوری کے مکمل خاتمے اور واجبات کی سو فیصد ریکوری کی ہدایت

174

حیدرآباد۔ 23 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو محمد روشن اوٹھو نے افسران کو بجلی چوری کے مکمل خاتمے اور واجبات کی سو فیصد ریکوری کی ہدایت کی ہے ۔یہ ہدایات انہوں نے تمام آپریشن سرکل کے ایس ای، ایکسین، ڈی سی ایم، ایس ڈی اوز سے وڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ کے دوران دیں ۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایات دیں کہ پولیس اور ریکوری مجسٹریٹ کی مدد سے انسداد بجلی چوری مہم کے تحت کام کریں،بجلی چوری کا مکمل خاتمہ اور واجبات کی سو فیصد ریکوری اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تمام کارروائیاں بلا تفریق جاری رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ حیسکو کمرشل ادارہ ہے اور صارفین پر لازم ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی باقاعدگی سے کرینگے تو حیسکو بجلی کی مزید بہتر فراہمی میں کامیاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس افسر کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی اس کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کارروائی کرتےہوئے اسے نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔ میٹنگ میں چیف انجینیر پلاننگ عبدالغفور شیخ، چیف کمرشل افسر نثار میمن، مینیجر کمرشل زکی مختار بھی موجود تھے۔