آسٹریلیا کی اسرائیلی آبادکاروں کے گروپ پر پابندی

126

سڈنی۔27جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا نے سات اسرائیلی آباد کاروں اور نوجوانوں کے ایک گروپ پر اور سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں جو کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث تھے۔

روئٹرز کے مطابق آسڑیلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تشدد کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرے اور اپنی آبادکاری کی جاری سرگرمیاں بند کرے، جو صرف کشیدگی کو ہوا دیتی ہیں اور استحکام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید نقصان پہنچاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی آباد کاروں اور نوجوانوں کا گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے اور اس کا ارتکاب کرنے کا ذمہ دار تھا جبکہ آباد کار مار پیٹ، جنسی حملوں اور تشدد اور بعض صورتوں میں ہلاکتوں میں ملوث تھے۔ آسٹریلوی حکومت کا یہ اقدام اتحادی ممالک برطانیہ، امریکا، کینیڈا اور جاپان کی جانب سے مغربی کنارے میں تشدد کے ردعمل میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔