لاہور۔28جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 5اگست کو” یوم استحصال کشمیر” منایا جائے گا ، دین اور وطن کی حرمت پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،مدارس کے بجلی کے بلوں میں رعایت دی جانی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جامعہ منظور اسلامیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 5اگست کو” یوم استحصال کشمیر” منایا جائے گا اور پورے ملک کے اندر استحکام پاکستان کے عنوان سے کانفرنسز منعقد کی جائیں گی ، ملک بھر کی مساجد و مدارس میں یکم سے 30 اگست تک قومی پرچم لہرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اور وطن ہماری ریڈ لائن ہے اس کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،استحکام پاکستان کے عنوان سے سیمینارز، کنونشنز منعقد ہوں گے ، 4اگست کو گوجرانوالہ اور 11اگست کو لاہور میں کانفرنسز ہوں گی، اسی طرح دیگر شہروں میں بھی استحکام پاکستان کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد ہو گا ۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اقدام اٹھایا، بھارت نے کشمیریوں کا استحصال کرتے ہوئے عالمی قوانین کو اپنے پائوں تلے روندا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی اور کشمیریوں کے حقوق پر غاضبانہ قبضہ کیا ،اس کو قانونی راستہ دینے کی کوشش عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، لہذا پانچ اگست کو ”یوم استحصال کشمیر”دنیا بھر میں منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے دو اہم مسائل کشمیر اور فلسطین ہیں،فلسطین او رکشمیر دونوں میں خون بہہ رہا ہے، لیکن کشمیر ایک دنیا کی ایسی جیل ہے جس کی آواز ہی نہیں آ رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی ایک بہت بڑی نعمت ہے کہ آ ج ہم ایک آ زاد اورخود مختار وطن کے باسی کشمیریوں وفلسطینیوں کے حق کی بات کررہے ہیں لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمان اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد نہیں کر پا رہے ، جبری حکومت و فسطائیت دنیا کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط قوم و فوج ہونے کی وجہ سے غیر ملکی سازشوں کا مقابلہ کررہا ہے،فوج بحیثیت ریاست کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ جن کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہے اپنا سالانہ آڈٹ کرواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے جو اصول وضع کئے گئے تھے ان پر پوری طرح سے عمل ہو رہا ہے، البتہ اگر کچھ مدارس میں اس حوالے سے کوئی کمی کوتاہی ہو رہی ہے تو علما کونسل پاکستان اس میں بہتری لانے کیلئے تیار ہے ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اگر کوئی مساجد و مدارس دہشت گردی، انتہا پسندی میں ملوث ہیں تو اس بارے میں شواہد دیئے جائیں ہم ان مدارس کو خود تالہ لگا دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ،لاہور ، اسلام آباد ،راولپنڈی بہاولپور میٹرک میں اول پوزیشنز لینے والے مدارس کے طلبہ ہیں وہاں دنیاوی و دینی دونوں طرح کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس ملکی سلامتی کیلئے افواج و اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ملکی سلامتی و استحکام ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان نیشنل پلان کا حصہ ہے اگر اس پر عمل ہوجائے تو پورے ملک میں امن و امان کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کے بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں انتہائی مشکل ہیں، وزیر اعظم سے گزارش ہے کہ پہلے مرحلے میں مساجد کے 50 فیصد بلوں کو معاف کرنے کااعلان کریں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف ملکی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ مذاکرات کیلئے آگے بڑھتے ہیں،لسانیت ،فرقہ واریت اورنفرت کی بنیاد پر دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے،ہمیں دشمن کے ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا اور ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کر ملکی مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ریڈ لائن ہمارا دین وطن اور ہماری ا فواج ہیں پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف قانون و آئین کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔