پیرس سمراولمپکس گیمز تیراکی ایونٹس، جہاں آرا نبی اور محمد احمد درانی اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے، پاکستانی سفیر کی جانب سے تیراکوں کی بہترین کاوشوں پر حوصلہ افزائی اور نیک خواہشات کا اظہار

237

پیرس۔28جولائی (اے پی پی):پیرس سمر اولمپکس گیمز 2024 تیراکی مقابلوں میں پاکستان کی جہاں آرا نبی اور محمد احمد درانی نے ہیٹ ایونٹس میں حصہ لیا ، دونوں تیراک اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی نہ کرسکے۔ اس موقع پر پاکستانی تیراکوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے۔

نتائج کے مطابق پاکستانی تیراک جہاں آرا نبی نے پیرس اولمپکس میں خواتین کے 200 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں حصہ لیا، وہ اپنی ہیٹ میں سات تیراکوں میں تیسرے نمبر پر رہیں تاہم وہ اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی نہ کر سکیں ۔ دوسرے پاکستانی تیراک محمد احمد درانی نے مردوں کے 200 میٹر فری سٹائل ایونٹ میں حصہ لیا اور وہ چار تیراکوں کی اپنی ہیٹ میں آخری نمبر پر رہے ، اسطرح وہ بھی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ پاکستانی تیراکوں بالخصوص جہاں آرا کی کارکردگی بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی مستقبل کے مقابلوں میں مسلسل بہتری اور کامیابی کی امیدوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی موجودگی اور پرعزم کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے پاکستانی تیراکوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نےبین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے ان کی سخت تربیت اور محنت کو سراہتے ہوئے مستقبل میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔