اقوام متحدہ کا عالمی یومِ انسانی ہمدردی پر عالمی برادری سے انسانیت کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ

اقوام متحدہ نے عالمی یومِ انسانی ہمدردی (World Humanitarian Day)کے موقع پردنیا بھر میں بحرانوں سے متاثرہ لاکھوں افراد کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے والے انسانی امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران ایک ہزار سے زائد امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں

اقوام متحدہ ۔19اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے عالمی یومِ انسانی ہمدردی (World Humanitarian Day)کے موقع پردنیا بھر میں بحرانوں سے متاثرہ لاکھوں افراد کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے والے انسانی امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران ایک ہزار سے زائد امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد دیگر فائرنگ، گولہ باری، بمباری، اغوا اور زیادتی جیسے واقعات کا نشانہ بننے سے بال بال بچے ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ دنیا نے وعدے کیے ہیں۔ اب اسے عمل کرنا ہوگا، جنگ کے اصولوں کا احترام کیا جائے، محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے، ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے اور مناسب وسائل فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ انسانی امدادی کارکن ضرورت مندافراد کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ ہمیں بھی ان کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ ہمیں انسانیت کے لیے اب عمل کرنا ہوگا۔یاد رہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی ہر سال 19 اگست کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن عراق کے شہر بغداد میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر 2003 میں ہونے والے بم دھماکے کی برسی کے موقع پر منایا جاتا ہے۔

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں