نائب وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے حوالے سے یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے حوالے سے یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نائب وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں کی کامیاب میزبانی اور اعلیٰ ترین معیار کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کارروائی کو ہموار، منظم اور کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور، چیئرمین سی ڈی اے، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس سی او اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں