وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجیز کے لیے کامسٹیک ریسرچ فیلوشپ پروگرام کا تیسرا بیچ مکمل ہوگیا

85
Comstech
Comstech

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجیز کے لیے کامسٹیک۔ انڈونیشیا ریسرچ فیلوشپ پروگرام کا تیسرا بیچ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔ منگل کو یہاں کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کامسٹیک نے انڈونیشیا کی وزارت صحت، پی ٹی بائیو فارما اور پجاجرن یونیورسٹی کے ویکسین اور بائیو ٹیکنالوجی پروڈکٹس کے سینٹر آف ایکسی لینس کے ساتھ مل کر نو او آئی سی رکن ممالک سے21 سائنسدانوں کو وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی میں ایک ماہ کی تربیت کے لیے منتخب کیا تھا۔ ایک ماہ طویل تربیتی پروگرام کا تیسرا مرحلہ جکارتہ اور بنڈونگ مغربی جاوا میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں انڈونیشیا، کیمرون، قازقستان، ملائیشیا، مصر، پاکستان، صومالیہ، تنزانیہ اور یوگنڈا کے سکالرز شریک ہوئے۔

پروگرام کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق اور ترقی کی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا۔ اسی پروگرام کے پہلے دو مراحل انڈونیشیا میں 2022 اور 2023 میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ویکسین کی تیاری میں او آئی سی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور عالمی صحت کے لئے اقدامات میں تعاون کرنا تھا۔ 2022 سے اب تک اس پروگرام کے تحت 18 رکن ممالک کے 24 ریسرچ فیلوز کی مدد کی جاچکی ہے۔ اس پروگرام کی اختتامی تقریب جکارتہ میں ہوئی جس میں کامسٹیک کے حکام، میزبان اداروں اور او آئی سی کے مختلف رکن ممالک کے ماہرین نے آن لائن اور ذاتی طور پر شرکت کی۔