لاہور ۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں،کراچی میں ہونے والی حالیہ کانفرنس میں 70ممالک کے 800سے زائدانوسٹرز اور کمپنیوں کی شرکت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچرز کے زیر اہتمام 9ویں شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مقابلے کی فضا،عالمی میعار اور جدید رحجانات کو سامنے رکھتے ہوئے ہماری کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ دیگر ممالک کے لیے اپنے برانڈز احسن اندا ز میں مارکیٹ کریں ۔ا
نہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور چینی اداروں کی دو طرفہ شراکت اور باہمی سرمایہ کاری کا آغاز ہو چکا ہے،لیڈر انڈسٹری،فٹ ویئر اور سپورٹس گڈز کی ایکسپورٹ کا خاطر خواہ سکوپ موجود ہے جس کے لیے بورڈ آف انوسٹمنٹ ہر طرح کی سہولت کاری سر انجام دے گا،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کے لیے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں اور وزارت تجارت وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو مکمل مدد فراہم کر رہی ہے،وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے 9ویں فٹ وئیر شو میں رکھی گئی مصنوعات کا معائنہ کیا اور پاکستانی کمپنیوں کے میعار کو سراہا جہاں 25 نمایاں پاکستانی و چینی کمپنیوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں وفاقی وزرا جام کمال خان اور عبدالعلیم خان نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین بی ٹو بی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں گزشتہ ماہ کا دورہ چین انتہائی سود مند رہا ہے اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں کمرشل اور ٹریڈ افسران کی تعداد بڑھا کر 20کر دی گئی ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں چینی کمپنیوں کی دلچسپی اور موجودگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں چین اور پاکستان کے مابین تجارت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہو گی۔
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری احسن انداز میں آگے بڑھ رہی ہے،6کمپنیاں شارٹ لسٹ ہوئی ہیں اور یکم اکتوبر کی تاریخ طے ہے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے سالانہ 100ارب کے خسارے سے نجات ملے گی اور شہریوں کو بین الاقوامی میعار کی حامل ائیر لائن حاصل ہو گی،وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کرنا ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=492773