28.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومتجارتی خبریںاسلام آباد چیمبر میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب،...

اسلام آباد چیمبر میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب، ملک کی ترقی اور خوشحال کیلئے اقلیتی برادری کے کردار کو خراج تحسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے حکومت سے اقلیتی برادری کیلئے سی ڈی اے سمیت دیگر اداروں میں نوکریوں کے کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، بھارت میں مسلمانوں اور جانوروں کو ایک ہی جگہ سے پانی پینے پر مجبور کیا جاتا ہے، آئیں یہ عہد کریں کہ ہم سب ملک کیلئے جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔ وہ اتوار کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں تحریک پاکستان سے لے کر اب تک ملک کی ترقی اور خوشحال کیلئے اقلیتی برادری کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس حوالے سے خصوصی ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی ۔صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ جڑانوالہ پر دل خون کے آنسو رویا، یہ کون لوگ ہیں جو ہمیں تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، آزادی کی اہمیت جاننا چاہتے ہیں تو فلسطین کے نہتے لوگوں سے پوچھیں، تحریک پاکستان میں جس طرح مسلمانوں کا رول تھا اسی طرح اقلیتوں نے بھی قربانیاں دی ہیں، اقلیتی برادری دفاع وطن، صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں جو خدمات سر انجام دے رہی ہے ، اسے سراہتے ہیں ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو سوچنا ہو گا کہ ہم ملک کو کیا دے رہے ہیں، آئیں یہ عہد کریں کہ ملک کیلئے جو کچھ ہم کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے مالی مسائل سمیت جو بھی مسئلہ ہو اس کے حل کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں ۔سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ میرے دل میں آپ لوگوں کیلئے محبت ہے، قائداعظم کے فرمان کے مطابق پاکستان بننے کے بعد تمام لوگوں کے حقوق برابر ہیں، پہلے ہم سب بطور انسان اور پاکستانی برابر ہیں اس کے بعد مسلمان یا کرسچین ہیں، بدقسمتی سے ہمارا دشمن ہمارے درمیان مذہب کے نام پر دیواریں کھڑی کر رہا ہے، آئیں یہ عہد کریں کہ ہم سب مل کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔

ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر ہم سب کا ہے، اقلیتی برادری میں سے کوئی چیمبر کا نائب صدر یا صدر کیوں نہیں بن سکتا، آپ لوگ باصلاحیت شخص کو آگے لائیں ،چیمبر اسے نائب صدر اور صدر بنوائے گا۔ انہوں نے تقریب کے شرکا کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کی کچی بستیوں میں بجلی کے میٹر لگوانے کیلئے طویل جدو جہد کی، یہ کوئی آسان کام نہیں تھا ،اپنا تمام اثر و رسوخ استعمال کر کے سی ڈی اے سے این او سی حاصل کیا ،اسی طرح گیس کی فراہمی کے حوالے سے بھی جدوجہد کی ہے ۔

اس موقع پر صدر بلیو ایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن یوسف راجپوت اور صدر ئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر محمود نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور سب برابر کے حقوق رکھتے ہیں ، پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز چوہان نے کہا کہ بختاوری خاندان کی اقلیتی برادری کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ سرون کمار، اشرف فرزند ، تنویر بھٹی ، صدف شان ، سونیا ریاست ، مہوش رفاقت ، شاہ رون عارف ، شمس گل اور صائمہ شہزاد نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں چوہدری اسحاق جبران جارج ، پادری بنیامین رفیق، جمیل کھوکھر ،سائمن سہوترہ، پرویز جذبی ، ارشد چوہان ، ڈاکٹر دیا چوہدری، ماریہ رفیق اور عامر جاوید سمیت کثیر تعداد میں اقلیتی برادی کے افراد نے شرکت کی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=492809

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں