کوئٹہ۔ 15 اگست (اے پی پی):خضدار میں کسٹمز حکام نے 30 مقامات پر 34 غیر قانونی پٹرول پمپ بند کرکے 51300 لیٹر پٹرول و ڈیزل ضبط کر لیا۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق بلوچستان کے علاقےانفورسمنٹ خضدارکلکٹریٹ نے غیر قانونی پٹرول و ڈیزل پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتےہوئے حب بھوانی کے مقامُ پر ایرانی پٹرول و ڈیزل کے غیر قانونی پٹرول پمپ اور ان کے پاس موجود پٹرول و ڈیزل کے ذخائر پر چھاپے مارکر 30 مختلف مقامات پر 34 غیر قانونی پمپس کو بند کردیا گیا ۔
اس کاروائی میں 51300 لیٹرز پٹرول ڈیزل قبضے میں لے لیا گیا۔ترجمان کسٹم کے مطابق یہ کارروائی چیف کلیکٹرکسٹمز بلوچستان یعقوب ماکو کی ہدایت اور کلیکٹر انفورسمنٹ کے زیر نگرانی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔