ایم پاکس کے حوالے سے ایئرپورٹس اور انٹری پوائنٹس پر سکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے، ڈاکٹر مختار احمدبھرتھ کی اسلام آباد ایئر پورٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو

108
Dr. Mukhtar Ahmad Bharth
Dr. Mukhtar Ahmad Bharth

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمدبھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایم پاکس کے کیسز کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش ہے،تمام ایئرپورٹس اور انٹری پوائنٹس پر سکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے، پمز ہسپتال میں آئسولیش وارڈ مختص کردیا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ایم پاکس کے اننظامات کی نگرانی وہ خود کررہےہیں۔

انہوں نے پیر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر منکی پاکس کی سرویلنس کاجائزہ لیا۔ ایئرپورٹ پر بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے ڈاکٹرمختار احمد بھرتھ کو متعلقہ اقدامات پر بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس اور انٹری پوائنٹس پر سکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے۔ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایم پاکس کی صورتحال تسلی بخش ہے، پیشگی اقدامات کی بھر پور نگرانی جاری ہے ۔

ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آئسولیش وارڈ مختص کردی گئی ہے۔ وزارت صحت صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔وفاق اور صوبے مل کر تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وباؤں اور بیماریوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔