وفاقی وزیرداخلہ کی موسٰی خیل کے قریب دہشتگردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

78
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے موسٰی خیل کے قریب دہشتگردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے،دہشتگردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کےواقعے پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔

وزیرداخلہ نے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ موسٰی خیل کے قریب دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر بربریت کا مظاہرہ کیا، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔