فیوچر منرلز فورم کا چوتھاایڈیشن جنوری 2025میں ریاض میں ہوگا

124
Future Minerals Forum
Future Minerals Forum

ریاض ۔28اگست (اے پی پی):فیوچر منرلز فورم (ایف ایم ایف)کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال کے آغاز( جنوری 2025) میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوگا۔ ارد و نیوز کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرسرپرستی بین الاقوامی کانفرنس 14 سے 16 جنوری 2025 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہوگی ۔ ایف ایم ایف میں معدنیات کی ترقی کو عالمی خوشحالی اور توانائی کی منتقلی کی کنجی کے طور پر عالمی ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جاتا ہے۔

اس موقع پر دنیا کے اعلیٰ فیصلہ ساز سخت چیلنجوں پر ایکشن کے لئے جمع ہوتے ہیں ۔2022 سے فیوچر منرلز فورم نے معدنیات پیدا کرنے والے ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور دنیا کو درکار اہم معدنیات کی سپلائی چین بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف کا کہنا ہے کانفرنس میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر توجہ ہوگی ،اس میں 100 سے زائد ممالک کے علاوہ 40 تنظیموں پر مشتمل ورکنگ گروپس شامل ہوں گے ،بین الاقوامی تنظیمیں، این جی اوز اور تجارتی ادارے بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ جنوری 2024 میں فیوچر منرلز فورم کے تیسرے ایڈیشن میں 133 ملکوں کے 14 ہزار سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی تھی جن میں وزرا، سرکاری عہدیدار، عالمی تنظیموں کے رہنما، کان کنی اور معدنیات کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز شامل تھے۔ اس موقع پر تقریباً 75 ارب ریال مالیت کے 75 معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئےتھے۔