اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بابا بلھے شاہ کی شاعری ہمیں رواداری، ہمدردی ، علم کی جستجو اور اتحاد کا درس دیتی ہے، بلھے شاہ نے مذاہب، فرقوں، ذاتوں کی تقسیم سے بالاتر ہو کر محبت، امن اور انسانیت کا عالمگیر پیغام دیا، بلھے شاہ کی تعلیمات کے مطابق مکالمے، افہام و تفہیم اورباہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ایون صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے 267 ویں عرس کے موقع پر پیغام میں کیا۔ صدر مملکت کا پیغام قصور میں بابا بلھے شاہ کے عرس کے موقع پر پڑھ کر سنایا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بابابلھے شاہ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کے قیام کیلئے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی ہیں، بلھے شاہ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کا قیام قصور کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلھے شاہ نے ہمارے ثقافتی اور روحانی ورثے پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ کی شاعری استعاروں اور حکمت سے بھری ہے، ہمیں برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور ہمدردی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے زور دیا کہ بلھے شاہ کی تعلیمات کے مطابق مکالمے، افہام و تفہیم اورباہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلھے شاہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے انکے پیغام کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔