سید علی گیلانی حریت فکر کے لازوال استعارہ تھے ،ان کی لازوال جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فیض اللہ فراق

140

گلگت۔1ستمبر (اے پی پی):ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی حریت فکر کے لازوال استعارہ تھے ، مرحوم نے ساری عمر آزادی کی شمعیں جلاتے ہوئے گزاری ، حق خودارادیت کی بحالی اور کشمیر کی آزادی کیلئے مرحوم نے کشمیر کے مظلوم انسانوں کا ساتھ نبھایا ۔عظیم حریت رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی عظیم سوچ کا نام تھے ، انہوں نے کشمیر کی نوجوان نسل کو قلمی و عملی جہاد کیلئے ابھارا ، برہان وانی فکر سید علی گیلانی کے اولین دستے کے مسافر تھے ، کشمیر کی نوجوان نسل میں عملی جدو جہد کی ترویج ، علمی و تحقیقی سمیت دلیل و لاجک پر مبنی اپروچ کو فروغ دینے میں سید علی گیلانی کا بنیادی کردار شامل ہے۔ آج سید علی گیلانی کو ہم سے بچھڑے 3 برس بیت گئے ہیں لیکن وہ دنیا کے حریت پسندوں کے دلوں میں زندہ اور تاریخ میں امر ہیں ۔ وہ جسمانی اعتبار سے بچھڑ گئے لیکن فکری طور پر کشمیر کی نوجوان نسل آج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے ۔ بھارتی مظالم مقبوضہ علاقے میں اپنی انتہا کو چھو گئے ہیں لیکن سید علی گیلانی کا ورثہ حریت جب تک زندہ ہے آزادی کا خواب کسی نہ کسی دن شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت گلگت بلتستان سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر انکی لازوال جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔