اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے کیسکو انجینئر اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری انجینئر کلیم اللہ جوگیزئی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان میں جاری بجلی کے منصوبوں بلخصوص کیسکو میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر انجینئر کلیم اللہ خان جوگیزئی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی کاوشوں سے کیسکو کے سینئر انجینئرز کی تعیناتیوں کا مسئلہ جو کہ کئی ماہ سے زیر التواء تھا وہ حل ہوا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ آف پاکستان نے امید ظاہر کی کہ کیسکو کے انجینئرز اپنی جائے تعیناتی پر عوام کی خدمات کو مزید بہتر کریں گے اور بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف بلوچستان کی تعمیر ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ بلوچستان کے زمیندار پیشہ افراد کو زارعی ٹیوب ویلز کے ذریعے زرعی انقلاب بلوچستان میں لانا چاہتے ہیں اور انہوں نے سولر ٹیوب ویلز کے لئے اربوں روپوں کی خطیر رقم بلوچستان کے لئے مختص کر رکھی ہے اور اس منصوبے کو پایہ تکمیل بنانے کے لئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سے بلوچستان میں زرعی انقلاب برپا ہو گا۔
دریں اثناء کیسکو سے تعلق رکھنے والےچیف انجینئرز ،انجینئر نعیم خان کاکڑ، انجینئر ولی محمد اچکزئی ،انجینئر ہاشم خان جوگیزئی ،انجینئر یوسف شاہ خان ، انجینئر سیف اللہ،انجینئر عادل عزیز قریشی انجینئرمحمدنظام اچکزئ،انجنئر سلام مینگل اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان کی ان کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری پاور ڈویژن کیساتھ اپنی خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لئے ایک تاریخی کردار ادا کیا ہے اس کے لئے ہم ان کے بے حد مشکور ،ممنون ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی بلوچستان کے ایسے مسائل کے حل کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے ۔