بھکر۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ضلعی محکمہ لٹریسی کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ضلع کے کونسل ہال میں خصوصی سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر تھے۔اس موقع پر ضلعی تعلیمی افسران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی اور ضلعی محکمہ لٹریسی کے اساتذہ کرام موجود تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ دورافتادہ دیہی علاقوں میں فروغ تعلیم کے لیے غیر رسمی سکولوں کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم کے ذریعے انسان مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے ان میں نکھار لاتا ہے،اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کے کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کا کردار بہت بلند اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں ان کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے محکمہ لٹریسی کے اساتذہ کرام کی کم وسائل کے باوجود تعلیم کے فروغ کے لیے کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
اس موقع پر محکمہ تعلیم اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری کوشش سے کوئی فرد خواندہ ہو جائے تو یہ ہمارے لیے کامیابی کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ تعلیم کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں کیونکہ دنیا کا اولین کام پڑھنا اور پڑھانا ہے۔سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی قیادت میں ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔