اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونیکیشن ادارے پی ٹی سی ایل گروپ نے ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 ء سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد قومی کھیل کا فروغ، قومی وقار کی سربلندی اور عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ہاکی پاکستانی قوم کے پسندیدہ ترین کھیلوں میں سے ایک …
پی ٹی سی ایل گروپ کی ایشین چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ شراکت داری
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونیکیشن ادارے پی ٹی سی ایل گروپ نے ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 ء سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد قومی کھیل کا فروغ، قومی وقار کی سربلندی اور عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
ہاکی پاکستانی قوم کے پسندیدہ ترین کھیلوں میں سے ایک ہے ، پی ٹی سی ایل گروپ قوم کے دلوں میں ہاکی کے لئے وہی پسندیدگی اور محبت بحال کرنے کے لئے کوشا ں ہے اور پی ٹی سی ایل گروپ کی مہم کا مقصد پیرس اولمپکس سے قبل ارشد ندیم کے لئے کی گئی کامیاب مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے ہاکی کے شعبے میں بھی تاریخ رقم کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ ہاکی کے کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور پاکستانیوں میں اس کھیل کے لئے نئی محبت اور حمایت کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔
پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان ہاکی کی شاندار تاریخی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور انہیں تسلسل دینے کے لئے پرعزم ہے۔ گروپ کو پختہ یقین ہے کہ اگر قوم کی حمایت اور اعتماد حاصل ہو تو پاکستانی کھلاڑی اور ایتھلیٹس کسی بھی سطح پر اور کسی بھی کھیل میں فتح کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں ۔ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور ہمارے ثقافتی ورثے اور قومی وقار کی علامت ہے اور اس کی بحالی قوم کی امنگوں کے عین مطابق ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ کو پاکستانی ایتھلیٹس کی بے پناہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کامیابی کے لئے درکار معاونت فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ یہ شراکت داری صرف کھیل اور کھلاڑیوں کی حمایت کیلئے نہیں بلکہ اس کا مقصد قوم کے جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا اور کھیلوں میں پاکستان کی عالمی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
قوم کی حمایت و محبت اور جذبے کی بنیاد پر پاکستان ہاکی ٹیم ایک بار پھر علاقائی اور عالمی فتوحات حاصل کرکے اس کھیل کو اس کا جائز مقام دلا سکتی ہے۔









