ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے وعدے ہر حال میں پورے کیے جائیں گے ، وفاقی وزیر مواصلات

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے وعدے ہر حال میں پورے کیے جائیں گے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی پر اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کراچی۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے وعدے ہر حال میں پورے کیے جائیں گے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی پر اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کے ٹرانسپورٹرز کے کیمپ پہنچنے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، شرکا نے ان کے حق میں نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر کو روایتی سندھی اجرک بھی پہنائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ایکسل لوڈ پالیسی کی خلاف ورزی نہ کریں کیونکہ یہ ان کے اپنے مفاد میں ہے۔ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے گاڑیوں اور سڑکوں دونوں کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک و قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے انہیں اس کمیٹی کا چیئرمین بنا کر خصوصی ٹاسک سونپا تھا جس میں وہ کامیاب رہے۔ انہوں نے نو دنوں تک مسلسل مذاکرات پر ٹرانسپورٹرز اتحاد کی قیادت کے خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کا تعاون ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود سڑکوں پر کھڑے ہو کر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کو شاہراہوں کے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شاہراہوں پر "ویٹ سٹیشنز” کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کی شکایات فوری دور کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ موٹروے پولیس کی طرف سے ڈرائیورز کے لائسنس کے اجرا کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گاڑی پر وزن اور سپیڈ کی پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی نہ کرنے والی کسی گاڑی کا چالان نہیں ہوگا۔ موٹروے پولیس اور این ایچ اے کو عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اہم پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں۔اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے مطالبات منظور ہونے پر حکومت اور وفاقی وزیر کا دلی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں اویس چوہدری ایڈووکیٹ، امداد حسین نقوی، چوہدری قمر الزمان گل، اظہر سراج، رؤف خان بالا، ملک شیر خان اور ملک حاجی فرید سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔