ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز اسد اللہ کی سربراہی میں مانگا روڈ اور 45 کلومیٹر ملتان روڈ پر تین معروف میٹ اور آئل فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اور خلاف ورزیوں پر 25 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاون، 25 لاکھ روپے جرمانے

مزید خبریں
لاہور۔17اگست (اے پی پی):ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز اسد اللہ کی سربراہی میں مانگا روڈ اور 45 کلومیٹر ملتان روڈ پر تین معروف میٹ اور آئل فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اور خلاف ورزیوں پر 25 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص انتظامات پر پولٹری پروسیسنگ فروزن میٹ فیکٹری کو بند کر دیا گیا جبکہ دو میٹ یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 2 ہزار کلو ناقص اور گلا سڑا گوشت تلف کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے بتایا کہ معروف برانڈ کے میٹ پروسیسنگ یونٹ سے ایکسپائر گوشت برآمد ہوا، جسے دوبارہ پیک کرکے سپلائی کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی، جس پر یونٹ کو بند کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کا فقدان اور لازمی سپلائی و ٹریسیبیلٹی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ایکسپائر اشیا کی سٹوریج اور فروخت سنگین جرم ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔







