وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے راولپنڈی اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں اپنا پینل کے تمام امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے راولپنڈی اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں اپنا پینل کے تمام امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے سجاد حیدر کو 22ویں مرتبہ صدر منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوٹو جرنلسٹس قومی، ثقافتی اور تاریخی سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نئی قیادت فوٹو جرنلسٹس کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ اور درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ ادھر، راولپنڈی اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں اپنا پینل کے تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ چیئرمین الیکشن کمیشن ناصر میر اور رکن عامر لودھی کے مطابق سجاد حیدر صدر، جہانگیر چوہدری سینئر نائب صدر، ایم جاوید اور مدثر راجہ نائب صدور، سہیل شہزاد جنرل سیکرٹری، محمد عاصم فنانس سیکرٹری، فیصل خان جوائنٹ سیکرٹری اور سید مہدی انفارمیشن سیکرٹری منتخب قرار پائے۔ گورننگ باڈی کے ارکان میں حبیب شیخ، راجہ خالد، راجہ ظفر، عابد ضیا، طاہر کاظمی، راجہ عاصم اور عمر فاروق شامل ہیں،انہیں بھی بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ سجاد حیدر نے ساتھی فوٹو جرنلسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








