جشن عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز سمیت قریہ قریہ گائوں گائوں میں محافل میلاد، ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد

121
Eid Milad-ul-Nabi
Eid Milad-ul-Nabi

مظفرآباد۔17ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جشن عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز سمیت قریہ قریہ گائوں گائوں میں محافل میلاد، ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سب سے بڑا جلوس دارالحکومت مظفر آباد میں نکالا گیا۔ میلاد النبیؐ ۖ کا سب سے بڑا جلوس حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام نکالا گیا۔مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام میلادالنبیؐ کا اجتماع جامع مسجد سلطانی میں منعقد ہوا۔جس میں علمائے کرام نے اپنے واعظ میں مسلمانوں کو آقائے دوجہاںؐ کی تعلیمات اور امت مسلمہ احکام رسول اللہ پر چلنے کی تلقین کی اور کہا کہ امت اتفاق و اتحاد سے ہی درپیش مشکلات کا کامیابی سے سامنا کر سکتی ہے۔

بعد از جلسہ عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان ریلی میں صدر سیرت کمیٹی عتیق کیانی،خرم شہزاد،میاں رفیق جھاگوی،میاں محمد عتیق جھاگوی،صاحبزاہ بدر السلام گیلانی،میئر میونسپل کارپوریشن سکندر نثار گیلانی، صاحبزاہ کوکب سلیم چشتی،شوکت نواز میر،شوکت جاوید میر،سید نوید شاہ،انجم زمان اعوان،آصف مصطفائی،شائق گیلانی، قاضی سہیل احمد،نذیر احمد ماکنو،نذیر احمد شیخ ودیگر شریک ہوئے۔جشن میلاد خاتم النبی ۖ کی ریلی کی قیادت صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی اور دیگر نامور علمائیکرام نے کی جبکہ دیگر علاقوں سے بھی چھوٹی بڑی ریلیوں نے مرکزی ریلی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر شہر کو بھی جشن میلادالنبی ۖکے سلسلے میں خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ریلی میں عاشقان رسول کا جذبہ دیدنی تھا، فضا آمد مصطفٰی مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونج رہی تھی۔